اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے منگل کو سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور سیالکوٹ کے المناک واقعے پر سری لنکا کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ان سے تعزیت کی۔
ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ افسوس ناک واقعے میں ملوث تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے مذکورہ واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ہائی کمشنر کو واقعے کے بعد حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ سری لنکن حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے مطمئن ہے اور اس افسوسناک واقعے سے دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں سری لنکا کے ایک شہری کو بے دردی سے مارا گیا اور اس کی لاش کو آگ لگا دی گئی تھی، اس افسوس ناک واقعے کے باعث پوری قوم افسردہ ہوگئی۔
سیالکوٹ میں اسلام کی تعلیمات کے خلاف اقدام:
مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی اسکالرز نے منگل کو سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ”غیر اسلامی” اور ”غیر انسانی” قرار دیا۔
وزیر اعظم کے خصوصی نمائندہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی محمد طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں علمائے کرام کے وفد نے اس المناک واقعے پر سری لنکا کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
مزید پڑھیں: مذہبی اسکالرز کی جانب سے سانحہ سیالکوٹ کی شدید الفاظ میں مذمت