کلکتہ: ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا نے مودی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عنقریب بھارتی وزیر اعظم ”اوپر“ فلیٹ بنوائیں گے اور چاند پر مسلمانوں کا داخلہ روک دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا نے کہا کہ بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کا چندریان مشن چاند پر اُتر چکا ہے، تاہم یہ پہلی بار نہیں ہوا۔
فرانس میں طالبات کے عبایا پہننے پر پابندی کا اعلان
ٹوئٹر پیغام میں مہوا موئترا نے کہا کہ آئیے ہم بی جے پی کو یاد دلائیں کہ چاند پر چندریان مشن اترا ہے، نریندر مودی نہیں، نہ ہی بی جے پی کے آئی ٹی سیل نے چندریان کی تحقیق میں کوئی حصہ لیا ہے۔
پیغام میں مہوا موئترا نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے چاند کے کچھ حصے کا نام بھارتی پرچم کے نام پر ترنگا اور شیو شکتی رکھا ہے۔ اَب اڈانی کو خصوصی ٹھیکہ دے کر چاند پر فلیٹ بنوائیں گے۔
ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ چاند پر فلیٹ بنانے کے بعد نریندر مودی وہاں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگا دیں گے۔ وہاں صرف ویجیٹیرین (سبزی خور) افراد کو ہی رہائش کی اجازت ہوگی۔
مہوا موئترا نے کہا کہ اَب اسرو بی جے پی کی 2024 کی الیکشن مہم کا آلہ ہے اور ہر مشن کو انتخابات سے قبل قوم پرستانہ جنون کو ہوا دینے کیلئے استعمال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم مودی چاند پر اترے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بھگت اور سوشل میڈیا پر ٹرول آرمی دہائیوں سے بنائے گئے بھارتی ادارے اسرو کو ”مودی ہے تو ممکن ہے جادو“ کے طور پر پیکیج کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ جاگو بھارت، میں ملک مخالف نہیں۔