لیاری، جائیداد کے تنازع پر بھائی اور بھتیجوں نے پولیس اہلکار کو قتل کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کے علاقے لیاری کی گلستان کالونی میں جائیداد کے تنازع پر بڑے بھائی اور بھتیجوں نے اسماعیل نامی پولیس اہلکار کو قتل کردیا۔

مقتول پولیس اہلکار اسمٰعیل گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا، پولیس حکام کے مطابق مقتول کو اس کے بھائی گل زمین اور بھتیجوں نے گولیاں مار کر قتل کیا، مقتول کو 7 گولیاں ماری گئیں۔

بتایا جارہا ہے کہ مقتول کے بڑے بھائی اور اس کے بیٹوں نے اسماعیل پر گلی میں تشدد کیا، جھگڑے کے دوران مقتول کے بھتیجے نے پستول نکالا اور اسماعیل پر فائر کر دیے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکار اسماعیل کو زخمی حالت میں بھی مزاحمت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

راولپنڈی، جی ٹی روڈ ہائیکورٹ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے 5 گاڑیوں کو کچل دیا

مقتول کو گولیاں مارنے کے بعد اس پر ڈنڈوں اور سریوں کے واربھی کیے گئے، حملہ آوروں نے جاتے ہوئے مقتول کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔

مقتول اسماعیل کے ایک اور بھائی سلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسماعیل کو ان کے بڑے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا، 2016 سے اسماعیل کا بھائی سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا ہے، اس سے پہلے بھی بخت زمین نے مجھ پر اور اسماعیل پر حملے کیے ہیں۔

بھائی سلیم کے مطابق اسماعیل نے کئی بار پولیس افسران کو اس معاملے کا بتایا لیکن کوئی مدد نہیں کی گئی، اسماعیل 2008 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، اس کے 5 بچے ہیں، سب سے بڑی بیٹی 11 سال کی ہے، واقعے کے بعد سے بخت زمین اپنے بچوں سمیت فرار ہے۔

Related Posts