راولپنڈی: لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اس حوالے سے جاری کردہ بیان کے مطابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی پاک فوج کے معمول کے تقررو تبادلوں کے تحت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا ہے۔ جنرل فیض حمید، جنرل عاصم منیر اور جنرل محمد عامر نے اپنے اپنے عہدوں پر پیشہ ورانہ قابلیت اور ذمہ داری سے فرائض سرانجام دئیے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری رابطوں میں تیزی آئی،آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض حمید طالبان قیادت سے ملاقات کیلئے کابل پہنچ گئے جہاں پاک افغانستان سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سینئر پاکستانی حکام کے وفد کے ہمراہ گزشتہ ماہ کابل پہنچے، جنرل فیض حمید نے طالبان قیادت سے پاک افغان سکیورٹی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فوری مستقبل پر بات چیت کی۔
مزید پڑھیں: ڈی جی آئی ایس آئی تبدیل، جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور تعینات