اسلام آباد : وزارت پیٹرولیم نے ملک کے پہاڑی علاقوں کے صارفین کو سستے داموں ایل پی جی کی فراہمی اور ان علاقوں میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لیے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبات منظور کرلیے ہیں۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کی قیادت میں ایل پی جی کے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، چترال، مالاکنڈ، ہزارہ اور فاٹا ڈویژن کے نمائندہ وفد نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر کی قیادت میں اوگر اور وزارت پیٹرولیم کی ٹیم سے اسلام آباد میں کامیاب مذاکرات کے بعد ہفتہ سے دی جانیو الی ایل پی جی کی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ملک کے پہاڑی علاقوں میں عوام کوسستی ایل پی جی کی فراہمی اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لیے ایسوسی ایشن کے تمام مطالبات وزارت پیٹرولیم نے مان لیے ہیں۔
نئے طریقہ کار کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں تین ماہ کے لیے ایل پی جی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی پندرہ روزہ مدت کے لیے ایل پی جی صارفین کے لیے قیمت جاری کرے گی جس میں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کا مارجن الگ الگ مقرر کیا جائے گا ۔
ایل پی جی کی ترسیل پر اٹھنے والی لاگت کو الگ درج کیا جائے گا تاکہ ایل پی جی کی پہاڑی علاقوں تک ترسیل پر اٹھنے والے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے حقیقی بنیادوں پرقیمت کا تعین کیا جاسکے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایل پی جی کی کراس فلنگ اور غیرمعیاری ایل پی جی سلنڈر ز کے استعمال پر پابندی ہوگی، اوگرا اس بات کو یقینی بنائیگی کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، چترال، مالاکنڈ، ہزارہ اور فاٹا ڈویژن کے لیے گیس کی قیمتوں کا ماہانہ نوٹیفکیشن علیحدہ سے جاری کیا جائے۔
مزید پڑھیں: اوگرانے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے، عرفان کھوکھر