امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں جنگلات کی آگ کی وجہ سے تیز ہواؤں چلنے کے بعدہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیر سے خطرناک تیز ہوائیں دوبارہ چلنے کی وجہ سے آگ بجھانے کی کوششوں میں رکاوٹ پیداہوئی۔ یہ آگ پورے علاقوں کو خاکستر کر چکی ہے اور کم از کم دو درجن افراد کی جان لے چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 80 سے 112 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو بدھ تک جاری رہ سکتی ہیں۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے گورنر گیون نیوزوم نے آگ سے متاثرہ علاقوں میں پہلے سے ہی فائر فائٹرز کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان علاقوں میں پالیسڈز اور ایٹن کی آگ شامل ہیں، جو جنوبی کیلیفورنیا میں سب سے بڑی آگ ہے۔
گزشتہ منگل سے شروع ہونے والی آگ میں اب تک کم از کم 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ آگ ہزاروں مکانات کو جلا کر راکھ کر چکی ہے جس سے علاقے ایک بھیانک منظر پیش کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق 12ہزار 300 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا یا تباہ کر دیا گیا ہے۔
لاس اینجلس میں آگ: میگھن مارکل نے نیٹ فلکس کا منصوبہ موخر کردیا
گورنر نیوزوم نے اس آگ کو امریکہ کی تاریخ کی سب سے تباہ کن قدرتی آفات میں شمار کیا ہے جس نے لاکھوں لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے۔
پچھلے ہفتے کے آخر میں فائر فائٹرز نے پالیسڈز کی آگ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی، جو برینٹ وڈ کے پوش علاقے کی طرف بڑھ رہی تھی اور شمال میں سان فرنینڈو ویلی کی آبادی والے علاقوں تک پہنچنے کے قریب تھی۔
یہ آگ اب تک 96 مربع کلومیٹر رقبہ جلا چکی ہے اور 14 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ لاس اینجلس کے مشرقی علاقے کے پہاڑوں میں لگی آگ 57 مربع کلومیٹر رقبہ خاکستر کر چکی ہے اور 33 فیصد تک قابو پایا گیا ہے۔
شہر کے شمال میں واقع ہرسٹ کی آگ 89 فیصد تک قابو میں آ چکی ہے، جبکہ تین دیگر جگہوں پر آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم ان کے اندرونی حصے ابھی بھی جل سکتے ہیں۔
تیز ہواؤں کے دوبارہ شروع ہونے کے خدشے کے پیش نظر حکام نے پورے لاس اینجلس کاؤنٹی کی 10 ملین آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
اتوار کی دوپہر تک ایک لاکھ سے زائد افراد کو انخلا کا حکم دیا جا چکا ہے جبکہ 87000 مزید افراد کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فائر فائٹرز کے ساتھ مدد کے لیے سات دیگر ریاستوں، کینیڈا اور میکسیکو سے امدادی عملہ لاس اینجلس پہنچ چکا ہے۔