لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کا آج چھٹا روز ہے، چیئرمین عمران خان کی قیادت میں راولپنڈی بائی پاس گوجرانوالہ سے قافلہ آج گکھڑ منڈی روانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں جو 11 سے ساڑھے 11بجے تک گوجرانوالہ کیلئے روانہ ہوں گے اور راولپنڈی بائی پاس پہنچیں گے۔
جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے، حکومت پر 11ارب کے کیسز ہیں۔عمران خان
راولپنڈی بائی پاس گوجرانوالہ سے عمران خان حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کریں گے۔ قافلہ دوپہر 12 بجے کے بعد کگھڑ منڈی روانہ ہوگا۔ لانگ مارچ کے دوران عمران خان 2 مقامات پر خطاب بھی کریں گے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان اپنا پہلا خطاب مارچ کے شرکاء سے راہوالی کے مقام پر جبکہ دوسرا گکھڑ منڈی پر کریں گے۔ خطاب کے بعد لانگ مارچ کا قافلہ گکھڑ کے مقام پر ہی پڑاؤ ڈالے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان گکھڑ کے مقام پر خطاب کے بعد لاہور واپس آجائیں گے اور اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں ہی قیام کریں گے۔ پی ٹی آئی کے مختلف مقامات سے آنے والے قافلے مرکزی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔
صدر پی ٹی آئی سندھ و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی قیادت میں کراچی سے بھی لانگ مارچ کیلئے تحریکِ انصاف کا قافلہ پنجاب کے شہر خانیوال پہنچ گیا ہے۔مختلف مقامات پر کارکنان نے نعرے بازی بھی کی۔