کمشنر کراچی افتخار شلوارنی نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت آج شام سے شروع ہونے والا لاک ڈاؤن 2 جولائی تک جاری رہے گا۔
لاک ڈاؤن کے دوران متاثرہ علاقوں میں ہر طرح کا کاروبار بند رہے گا۔ لاک ڈاؤن کا فیصلہ بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ دورانِ لاک ڈاؤن محدود اوقات میں میڈیکل اسٹورز اور پرچون کی دکانوں کو کاروبار کی اجازت دے دی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی ہوم ڈلیوری کی بھی اجازت نہیں ہوگی جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران گھر کا کوئی ایک فرد شناختی کارڈ دکھانے کے بعد صرف کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کیلئے گھر سے باہر جاسکے گا۔
واضح کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ علاقوں میں تمام تر صنعتیں اور کاروبار بند رہیں گے۔ ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔ آن لائن ٹیکسی سروسز بشمول کریم، اوبر، ائیر لفٹ اور بائیکیا بند رہیں گی۔ لوگ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر آسکیں گے تاہم مریض کے ساتھ صرف ایک ہی تیماردار باہر جاسکے گا۔ گھر سے باہر نکلنے والوں سےقانون نافذ کرنے والے ادارے پوچھ گچھ کریں گے ، باہر نکلنے کی معقول وجہ بتانا ضروری ہوگا جبکہ شہر کے منتخب علاقوں میں لاک ڈاؤن سختی سے نافذ کیا جائے گا۔
شہرِ قائد کے مختلف اضلاع میں متعدد ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں لاک ڈاؤن سختی سے نافذ العمل ہوگا جبکہ ضلع ملیر میں 21 علاقے لاک ڈاؤن سے متاثر ہوں گے جن میں بھینس کالونی اور گلشنِ حدید سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔جن علاقوں میں تجارتی مارکیٹس بند رہیں گی ان میں یوسی جعفر طیار کی جناح اسکوائر مارکیٹ، یوسی مظفر آباد کی ڈی ایریا مارکیٹ اور اولڈ ایریا تجارتی مارکیٹ شامل ہیں۔
یوسی مظفر آباد، یوسی 3 میں داؤد چورنگی تا 89 پٹرول پمپ تک اور قائد آباد، گوشت گلی، مرغی خانہ اور تمام موبائل مارکیٹس بند رہیں گی۔ ضلع کورنگی میں 19 ہاٹ اسپاٹس پر لاک ڈاؤن نافذ ہوگا جن میں ناصر کالونی، اللہ والا ٹاؤن، پی اینڈ ٹی کالونی، قیوم آباد اے اور بی ایریا، مخدوم بلاول کالونی، عوامی کالونی، کاظم آباد، گلشنِ جامی، جعفر باغ، نشتر اسکوائر، ماڈل کالونی، ملیر ہالٹ، الفلاح، ملت گارڈن، ملت ٹاؤن، سول ایوی ایشن کالونی، کینٹ بازار اور پرانا اقبال آباد، شامل ہیں۔
ضلع شرقی میں 21 ہاٹ اسپاٹس جہاں لاک ڈاؤن نافذ ہوگا ان میں گلشن ٹاؤن کے علاقے محمد علی سوسائٹی، بہادر آباد، بلاک 14، عیسیٰ نگری، بلاک 13 اے، بی اور سی، گلشنِ جمال، بلاک 13 ڈی ٹو، بلاک 7، بلاک 11، گلستانِ جوہر، بلاک 2، 14 اور 15، سچل گوٹھ، صفورہ گوٹھ، عسکری 4، روفی لیک سٹی، گلستانِ جوہر بلاک 13، جمشید ٹاؤن، پی ای سی ایچ ایس، بلاک 2، 6 اور طارق روڈ شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ(ضلع شرقی) میں جمشید ٹاؤن کے علاقوں بلتی محلہ، مارٹن کوارٹرز، فاطمہ جناح کالونی، جہانگیر روڈ، جماعت خانہ، تین ہٹی سولجر بازار میں لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ (ضلع غربی) میں 33 ہاٹ اسپاٹس لاک ڈاؤن کا حصہ ہوں گے جن میں منگھوپیر، گلشنِ معمار، خدا کی بستی، اسلام نگر، سعید آباد، نیول کالونی، میٹروول، فرنٹیئر کالونی، کیماڑی، سلطان آباد، بھٹہ ولیج شامل ہیں جنہیں واچ لسٹ میں بھی رکھا گیا ہے۔
واچ لسٹ میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے داتا نگر، مجاہد کالونی، علی گڑھ، گلفام آباد، ملت آباد، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے نئی آبادی، مسلم مجاہد کالونی، آفریدی بلوچ کالونی، سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر ایل 1، 5 سی، ڈی، 4 بی، سی اور 7 اے شامل ہیں جبکہ ضلع جنوبی میں 11 ہاٹ اسپاٹس شامل ہیں۔
ہاٹ اسپاٹس میں ضلع جنوبی کے علاقے بزرٹہ لائن، ڈولی کھاتہ، لی مارکیٹ، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، اردو بازار، مین صدر، آگرہ تاج کالونی، بہار کالونی، ڈی ایچ اے، خیابانِ بدر اور خیابانِ مجاہد، شامل ہیں جہاں لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ ضلع وسطی میں 3 ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں گلبرگ ٹاؤن کا علاقہ جوہر آباد، ، نارتھ کراچی سیکٹر 11 ای اور انار کلی مارکیٹ شامل ہیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن آج شام 7 بجے سے شروع ہوجائے گا جو 2 جولائی تک نافذ العمل رہے گا جس کی خلاف ورزی پر شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے جس میں گرفتاری اور جرمانہ دونوں شامل ہیں۔