کراچی:صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات جنگلات، مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے تمام بلدیاتی افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ حالیہ بارش کی وجہ سے شہر کے تمام برساتی نالوں کی صفائی کے عمل کو لگاتار جاری و ساری رکھیں تمام سڑکوں اور شاہراہوں پر صفائی کے عملے کو یقینی بنائیں۔
کسی بھی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ہر وقت تیار رہیں،یہ ہدایات انہوں نے شہر کراچی کے تمام بلدیاتی افسران سے حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی صورتحال کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے دوران دیں۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سیکریٹری بلدیات اور متعلقہ بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں بارشوں کے نئے اسپیل کے لئے ممکنہ طور پر تیاریاں مکمل کرلیں۔
مرکزی اور ذیلی نالوں پر سالڈ ویسٹ کا عملہ اور دیگر متعلقہ اسٹاف کی مقرری کو یقینی بنائیں اہم چوک پوائنٹس پر ڈی واٹرنگ مشینوں کی تنصیب بھی کر دی جائے تاکہ بارشوں کے دوران فورا پانی کا نکاس ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وہ انڈر پاس کی روانی برقرارنہ رکھنے کے لئے بھی خاص توجہ دی جائے اور شہر میں بارش کے بعد صورتحال معمول کے مطابق ہے کیوں کے پہلے ہی انتظامی اقدامات کیے گئے تھے۔
مربوط حکمت عملی کی بدولت پانی جمع ہونے کی شکایت موصول نہیں ہوئیں اگر کہیں سے بھی کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہوا بھی تو فوراً حل کر لیا گیا، سید ناصر حسین شاہ نے میونسپل کمشنر کو بھی اس صورتحال میں اپنے اپنے اضلاع میں رابطوں اور نگرانی کے لیے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
کسی بھی صورتحال میں تمام بلدیاتی افسران مشترکہ حکمت عملی کے تحت بارش کے پانی کی نکاسی،انڈر پاسز کی روانی اور ضروری اسٹاف کے ساتھ ڈی واٹرنگ مشینوں کی تنصیب کو یقینی بناتے ہوئے تما م صورتحال کی خود نگرانی کریں اور عوام کو مشکلات سے بچائیں۔