کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا ہے، شہرِ قائد کے علاقے لیاقت آباد کے سی 1 ایریا میں گزشتہ 60 گھنٹوں سے بجلی کا نام و نشان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی طویل بندش کیلئے کے الیکٹرک کے پاس گیس پریشر میں کمی کا بہانہ پہلے ہی موجود ہے جس کے بعد کے الیکٹرک نے شہرِ قائد کے متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے۔
لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں سمیت شہرِ قائد کے کم و بیش ہر علاقے میں کسی نہ کسی بہانے سے لوڈ شیڈنگ جاری ہے، لیاری، نیو کراچی، ملیر، کورنگی، لانڈھی اور کھارادر سمیت، متعدد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے کردیا گیا۔
گزشتہ شب بھی کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن رہی، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دئیے گئے علاقوں میں بھی 6 گھنٹے سے زائد بجلی معطل رہی۔ کلفٹن، ڈیفنس، گلستانِ جوہر اور ایف بی ایریا میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھی کراچی میں کے الیکٹرک کی طرف سے غیر اعلانیہ طور پر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، مستثنیٰ علاقوں میں بھی 5، 5 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔
شہرِ قائد کے علاقے بلدیہ، لانڈھی، کورنگی اور اورنگی میں گزشتہ روز مسلسل لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔ 5 ، 5 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری نہ دن کو سو سکے نہ ہی رات کو سکون ملا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن