کراچی میں کے الیکٹرک کی طرف سے غیر اعلانیہ طور پر بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، مستثنیٰ علاقوں میں بھی 5، 5 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ، لانڈھی، کورنگی اور اورنگی میں مسلسل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ 5 ، 5 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری نہ دن کو سو سکتے ہیں نہ ہی رات کو سکون ملتا ہے۔
اِس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں 400 میگا واٹ بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ سائٹ اور کورنگی سمیت گیس پر چلنے والے دیگر پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس استعداد پر چل رہے ہیں۔ ہم نے حکومت سے آر این ایل جی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار سے عوام کو سہولت مہیا کی جاسکے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل گڈو تھرمل پاور اسٹیشن میں دھماکے کے باعث ملک کے کئی اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
یہ دھماکہ گڈو تھرمل پاور کے 220 کے وی ہائی ٹرانسمیشن کے سوئچ یارڈ میں ہوا۔ دھماکے کے باعث آگ سے 220، 132اور 500 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کر گئیں جس کے نتیجے میں کئی اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
مزید پڑھیں: گڈو تھرمل پاور اسٹیشن میں دھماکہ، بجلی کی فراہمی معطل