اس سال کے لیے دنیا بھر میں رہائش کے لیے موزوں ترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی،پاکستان میں صرف کراچی کو شامل کیا گیا۔
جاری فہرست کو مرتب کرنے کے لئے ان شہروں میں جرائم کی شرح، طبی سہولیات، انفراسٹرکچر، سیاسی استحکام اور گرین ایریاز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فہرست میں 173 شہروں کی درجہ بندی کی گئی۔
جاری فہرست میں پورے ملک سے صرف کراچی کو شامل کیا گیا، انڈیکس میں کراچی کا نمبر 168 رہا۔
کراچی کا استحکام اسکور 20 ، صحت کی دیکھ بھال کا اسکور 33.3، تعلیم کا اسکور 66.7 جبکہ انفراسٹرکچر میں کراچی کا اسکور 51.8 پوائنٹس رہا۔
دنیا کا بہترین شہر آسٹریا کا دارالحکومت ویانا رہا، جبکہ ڈنمارک کا شہر کوپن ہیگن دوسرے نمبر پر رہا۔ فہرست میں سوئٹزر لینڈ کا شہر زیورخ کینیڈین شہر کیلگری کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہا۔
فہرست میں آخری نمبر پر شام کا دارالحکومت دمشق رہا۔ واضح رہے یوکرین کے دارالحکومت کیف جنگ کی وجہ سے درجہ بندی میں شامل نہیں کیا گیا۔