سیاستدانوں کی انتخابی مہم کی طرح نوجوان اداکارہ عریشہ رضی کی مایوں کی تقریب بھی کراچی کی بارشوں کی نذر ہوگئی۔
پاکستان ڈراما انڈسٹری میں بطورِ چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ عریشہ رضی کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور 3 فروری کی شب کراچی میں اداکارہ کی مایوں کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔
عریشہ رضی کی مایوں کی تقریب جاری ہی تھی کہ اچانک شہر قائد میں بارش کا سسٹم برسنا شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے شہر بھر میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔
اداکارہ کی مایوں کی تقریب کی کچھ ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عریشہ رضی نے اپنی مایوں کی تقریب کے لیے نارنجی اور گولڈن رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا جبکہ اُن کے دولہے میاں بھی نارنجی رنگ کے لباس میں ملبوس تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں عریشہ رضی دوران تقریب بارش ہونے کی وجہ سے کمرے میں دیگر مہمانوں کے ساتھ افسردہ بیٹھی ہیں۔
ویڈیو میں عریشہ رضی کہتی ہیں کہ بارش تو رُک نہیں رہی اور بجلی بھی چلی گئی ہے تو ایسا کرتے ہیں کہ کھانا کُھلوا دیتے ہیں کیونکہ سب مہمانوں کو بھوک لگ رہی ہے۔
واضح رہے کہ عریشہ رضی نے سال 2022 میں خاموشی سے نکاح کیا تھا لیکن اُن کے نکاح کی تقریب کے فوٹوگرافر نے اُن کی اجازت کے بغیر تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھیں جس کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔