کراچی: سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ اور پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے قائدِ حزبِ اختلاف حلیم عادل شیخ کو سولو فلائٹ قرار دیتے ہوئے قتل کے الزامات کے حوالے سے مراد علی شاہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ پر تشدد اور سندھ حکومت پر قتل کیلئے کوششیں کرنے کے الزامات پر ردِ عمل دیتے ہوئے سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مراد علی شاہ کسی کو مروائیں گے یا قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے کہا کہ میں موجودہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ذاتی طور پر جانتا ہوں۔ وہ ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس میں ایسی کوئی بات ہو۔ جبکہ حلیم عادل شیخ اپنے طور پر اڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔
لیاقت جتوئی نے کہا کہ حلیم عادل شیخ سولو فلائٹ کر رہے تھے اور جلدی اُڑ رہے تھے تاہم سیاست کے میدان میں جو سولو فلائٹ کرتا ہے وہ جلد ہی نیچے بھی آجاتا ہے۔ یہی حلیم عادل شیخ کے ساتھ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حلیم عادل شیخ پرتشدد، تحریکِ انصاف رہنما پریس کلب کے باہر آج مظاہرہ کریں گے