قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے سابق بھارتی کپتان اور موجودہ بی سی سی آئی کے صدر ساؤراو گنگولی کو مشورہ دیا ہے کہ ایشیاء کپ منسوخی کا فیصلہ ایشیائی کونسل کو کرنے دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق کھلاڑی راشد لطیف نے کہا کہ ایشیاء کپ منسوخ ہوگا یا نہیں، اِس کا فیصلہ ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی)کر سکتی ہے۔
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ ساؤراو گنگولی کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے صرف ایشیائی ممالک کے جذبات مجروح ہوں گے۔ گنگولی کو چاہئے کہ بھارتی کرکٹ اور آئی پی ایل پر توجہ دیں۔
Whether the Asia Cup is canceled or not can be decided by the Asian Cricket Council. Showing undue power will only hurt Asian countries, @SGanguly99 should pay attention to Indian cricket and IPL . @TheRealPCBMedia @BCCI #AsiaCup @BCBtigers @OfficialSLC @ACBofficials
— Rashid Latif | 🇵🇰 (@iRashidLatif68) July 9, 2020
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ بورڈ چیئرمین ساؤراو گنگولی نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ایشیاء کپ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایشیائی کرکٹ کونسل نے ہمیں اِس کے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں برس ستمبر کے دوران پاکستان ایشیاء کپ کی میزبانی کرے گا جسے گنگولی کے بیان نے مشکوک کردیا ہے۔
محسوس ایسا ہوتا ہے کہ بھارت کے سابق کپتان ساؤراو گنگولی نے یہ بیان پاکستانی کرکٹرز کو اشتعال دلانے کیلئے ہی جاری کیا تھا جس پر راشد لطیف کی طرف سے نپا تلا ردِ عمل سامنے آگیا ہے کہ آپ اپنی ہی کرکٹ پر توجہ دے لیجئے تو بہتر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ساؤراو گنگولی کی سالگرہ، وریندر سہواگ کی مبارکباد