ممبئی: بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بتایا ہے کہ ان کی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی سرجری ہو گی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو ٹمبلر پر اپنے بلاگ کے ذریعے آگاہ کیا۔
امیتابھ بچن نے ٹمبلر پر اپنے آفیشل بلاگ ‘بچن بول’ پر ہفتے کی رات کو کی گئی ایک پوسٹ میں مختصر الفاظ میں طبیعت کی خرابی اور سرجری کا بتایا۔
لیجنڈری اداکار نے مختصر الفاظ میں لکھا کہ ‘طبی صورتحال، سرجری، مزید لکھ نہیں سکتا’۔
تاہم 78 سالہ اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی سرجری اب ہوگئی ہے یا نہیں اور نہ ہی انہوں نے سرجری کی وجہ بتائی۔
امیتابھ بچن کی بلاگ پوسٹ کے سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
ان دنوں امیتابھ بچن اپنے آنے والی فلم ‘مے ڈے’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، جس میں ان کے ساتھ اجے دیوگن اور راکول پریت سنگھ بھی اداکاری کررہے ہیں۔
امیتابھ بچن نے گزشتہ برس اجے دیوگن کے ساتھ اداکاری کا اعلان کیا تھا اور وہ دنوں ممبئی میں فلم کے سیٹ سے شوٹنگ کی اپ ڈیٹس بھی شیئر کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پرسکون ہوں، دوبارہ شادی کا سوچ بھی نہیں سکتا، ریتھک روشن