کراچی :ممنوعہ اشیاء، موبائل فونز اور خطرناک قیدیوں کے فرار سے متعلق خدشات پر سینٹرل جیل کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل کے تمام حصوں میں آپریشن کیا جارہا ہے اور جیل کی تمام بیرکوں اور سیلز کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل میں عام افراد کی آمدورفت کو فوری طور پر روک دیا گیاہے۔
کسی کو بھی جیل کے اندر آنے یا جیل میں موجود افراد کو جیل سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ذرائع کے مطابق بعض خفیہ ذرائع سے اطلاعات ملی تھیں کہ جیل میں ممنوعہ اشیاء موجود ہیں جبکہ جیل میں موبائل فونز کی بھی مبینہ اطلاعات ہیں۔
دوسری طرف ذرائع کے مطابق جیل میں کالعدم تنظیموں کے قیدیوں کے متعلق بھی اطلاعات تھیں کہ وہ جیل سے اپنے ساتھیوں سے رابطے کرتے ہیں،انہیں خفیہ اطلاعات کی روشنی میں جمعہ کے دن اچانک سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
آپریشن میں 400 سے زائد کی نفری موجودہے جبکہ آپریشن کے دوران جیل کے اطراف بھی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ریٹائرڈ اسکول ماسٹرسارنگ شر کی ایک اور بچے سے بدفعلی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل