آج سے 1 سال قبل 2023 میں فوربز میگزین کی جانب سے جاری کردہ ’30 انڈر 30 ایشیا‘ یعنی 30 سال سے کم عمر کے باصلاحیت نوجوانوں کی فہرست میں پانچ پاکستانیوں نے اپنی جگہ بنائی جس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
فوربز کی شائع کردہ فہرست میں فنکاروں، کھلاڑیوں، سائنسدانوں، کاروباری افراد، کھیلوں اور موسیقاروں، گلوکاروں اور بہت سے ایسے لوگوں کو نمایاں کیا گیا ہے جن کی صلاحیتوں کو اپنے اپنے شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہے۔
شائع کردہ فہرست میں مصر، ملائیشیا، جنوبی کوریا، لبنان، بنگلہ دیش اور بھارت کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، ساتھ ہی مذکورہ فہرست میں 4 پاکستانی لڑکے اور ایک لڑکی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جس سے ملک کا نام روشن کرنیوالوں کی تعداد 5ہوگئی۔
عالمی جریدے کی 2023 کی فہرست میں شامل پاکستانیوں میں ملٹی میڈیا ویژول ٹیک آرٹسٹ عائشہ مبارک علی، اسکرین رائٹر اعظم محمود، ’کال پے‘ نامی اسٹارٹ اپ کے شریک بانی حسن اور اسلام اور’بائیو نکس’ کے بانی انس نیاز شامل تھے۔
عائشہ مبارک علی
دورِ جدید کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ جواں سال عائشہ مبارک علی ایک فائن آرٹسٹ، ویژول آرٹسٹ اور فیشن ڈیزائنر ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیم میں کام کرتی ہیں۔
دراصل عائشہ مبارک وہ پہلی پاکستانی آرٹسٹ ہیں جنہوں نے نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے سائنسدانوں کے ساتھ تعاون کیا، جولائی 2022 میں ان کا آرٹ ورک میلتھ 2 کے لیے اسپیس ایکس کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا گیا اور سراہا گیا۔
اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے عائشہ مبارک نے تھری ڈی ماڈلنگ اور دھاتوں کا استعمال کر کے فیوژن آرٹ بھی تخلیق کیا، ان کی فیوژن آرٹ پریکٹس کو فوربز مڈل ایسٹ، ای 27، ہیلو اور گرازیا جیسے نامور میگزینز میں بھی نمایاں جگہ دی گئی ہے۔
شہریار حسن اور ولید امجد اسلام
اپنے نئے اسٹارٹ اپ کال پے کے شریک بانی شہریار حسن اور ولید امجداسلام کا نام بھی فوربز میگزین کی فہرست میں شامل ہے، اس اسٹارٹ اپ کا مقصد ملک کی مسلم آبادی تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ کال پے 2021 میں لانچ کیا گیا تھا، یہ ایک مالیاتی کمپنی ہے جو شرعی قوانین کے مطابق قرض دیتی ہے۔
انس نیاز
آج سے 8 سال قبل 2016 میں کراچی سے تعلق رکھنے والے انس نیاز نے بائیو نکس نامی ایک سماجی ادارہ قائم کیا جو کم لاگت کے بایونک یا مصنوعی بازو تیار کرتے ہیں، یہ تھری ڈی پرنٹ شدہ مصنوعی آلات ضرورت کے تحت بنائے گئے ہیں اور ان میں سینسرز اور سافٹ ویئر موجود ہیں جو معذور افراد کی مدد کرتے ہیں۔
اعظم محمود
شہرِ قائد سے تعلق رکھنے والے اعظم محمود لکھاری ہیں، وہ ڈراما سیریز ’کوئر ایز فولک‘کے اسٹوری ایڈیٹر ہیں، گولڈن گلوب جیتنے والے اداکار ریمی یوسف کے ساتھ اپنے نئے شو ’رامی‘ میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مزاح کا عنصر شامل کرکے حساس موضوعات کو اپنی تحریروں میں سمو دیا جس کا فوربز میگزین نے گزشتہ برس اعتراف کیا۔