اسلام آباد :شہر اقتدار کے علاقے بنی گالہ میں قبضہ مافیا نے غریبوں کی املاک ہتھیانا شروع کردی، پولیس عوام کو انصاف دلانے کے بجائے مافیا کی آلہ کار بن گئی۔
دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں قبضہ مافیا غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے میں مصروف ہے جبکہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قبضہ مافیا کے سامنے بے بس ہیں ،بنی گالہ تھانے کی حدود اور وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر قبضہ مافیا غریب لوگوں کی زمینوں پر دھڑلے سے قبضے کر رہا ہے۔
قبضہ مافیا سے متاثرہ شخص راجہ رزافت نے بتایا کہ ہمارے گھروں اور زمینوں پر پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کارندے اسلحہ کے زور پر قبضہ کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ ہماری آبائی جائیداد ہے اورہمارے آباؤ اجداد پچھلے سو سال سے رہ رہے ہیں، ہمارے آباؤ اجداد کی قبریں بھی یہاں موجود ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کارندے ہیوی مشینری کے ساتھ ہمارے گھر اور اس سے ملحقہ زمین پر قبضے کے لیے آئے اور قبضہ کرنا شروع کر دیا اور ساتھ ہی ہوائی فائرنگ شروع کر دی اور بلڈوزر چلانا شروع کر دیا ۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ میں نے 15 پر کال کی تو پولیس آگئی لیکن پولیس نے ہمارا موقف سنے بغیر مجھے اور قبضہ گروپ کے لوگوں کو تھانہ بنی گالا لاک اپ میں بند کر دیا ،آج صبح میں ضمانت پر رہا ہو کر آیا ہوں ۔
انہوں نے بتایا کہ قبضہ گروپ ہماری زمینوں پر قبضہ کر رہا تھا اور ہمیں ہی جیل میں ڈال دیا گیا ، راجہ رزافت نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پولیس اس قبضے میں مبینہ طور پر ملوث ہے ۔
میں آئی جی پولیس اسلام آباد ،چیف کمشنر اسلام آباد اورڈپٹی کمشنر اسلام آبادسے اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے لیے میری مدد کی جائے اور ہمیں اس قبضہ سے تحفظ دلایا جائے۔
مزید پڑھیں:علیم خان نے ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کیلئے غریب خاندان کی زمین ہتھیالی