وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 بچوں کی ماں رحیم بی بی کو قتل کردیا گیا جس کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی نے خاتون کے شوہر کے خلاف درج کرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے بھائی راولپنڈی کے رہائشی عبدالواحد نے مقدمے کیلئے ایف آئی آر کے متن میں کہا ہے کہ میری بہن رحیم بی بی کی شادی وسیم یونس سے 4 سال پہلے ہوئی تھی جو میری بہن پر بہیمانہ تشدد کرتا تھا جو 2 بچوں کی ماں تھی۔
مقتولہ کے بھائی عبدالواحد نے کہا کہ 11 ستمبر کو میرے بہنوئی کے ایک دوست نے میرے والد کو بتایا کہ رحیم بی بی کی طبیعت بہت خراب ہے۔ آپ جلدی سے اسلام آباد کے پمز ہسپتال پہنچیں۔ میرے والد نے مجھے بہن کی طبیعت کے بارے میں آگاہ کیا۔
مدعی عبدالواحد نے کہا کہ جب میں پمز ہسپتال پہنچا تو مجھے بتایا گیا کہ میری بہن مر چکی ہے جس کی لاش دیکھنے پر مجھے پتہ چلا کہ اس کے گلے میں پھندے کا نشان موجود ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ میرے بہنوئی وسیم یونس نے اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر میری بہن کو قتل کیا ہے۔
عبدالواحد نے اپنی بہن رحیم بی بی کے قتل پر حکامِ بالا سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم وسیم یونس کو ہر حال میں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آبادمیں مستحق افراد کیلئے دیوارِ مہربانی قائم