پنجاب کے شہر نارووال میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بیٹا پیدا نہ کرنے پر بہو کو زہر دے دیا اور تشدد کرکے نیم مردہ حالت میں میکے کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نارووال کے علاقے بڑا پنڈ جریال میں سسرالیوں نے بہو کو 4 روز قبل تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے والدہ نے شوہر اور سسر سمیت 5افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔
مقدمے کے متن میں متاثرہ خاتون کی والدہ کا کہنا ہے کہ میری بیٹی کو بیٹا پیدا نہ کرنے پر سسرالی رشتہ داروں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور زہر دے کر نیم مردہ حالت میں گھر کے باہر پھینک کر فرار ہوئے۔
متاثرہ خاتون کی والدہ کے بیان کے مطابق 20 سالہ بیٹی نے 1 سال قبل ہی شادی کی جس کی ڈیڑ ماہ کی بچی بھی ہے۔ لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے رورل ہیلتھ سینٹر میں متاثرہ خاتون کا میڈیکل وقت پر نہ ہوسکا۔
مختلف شہروں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی میں اضافہ ہوا ہے۔نارووال پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اب تک متاثرہ خاتون کے شوہر یا سسرالی رشتہ داروں میں سے کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔