ہالی ووڈ کی مشہور کاروباری شخصیت اور خوبرو ماڈل کائلی جینر نے اپنی رومانوی زندگی میں ایک جرأت مندانہ قدم اٹھایا ہے جس نے ان کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
کائلی جینر نے دو سالہ دوستی کے بعد اداکار ٹموتھی شالامی کو انسٹاگرام پر فالو کر لیا ہے جو کہ ان کے تعلقات کا ایک واضح اور عوامی اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔
کائلی جینر جن کی عمر 27 برس ہے، سوشل میڈیا پر 393 ملین یعنی 39 کروڑ سے زائد فالوورز رکھتی ہیں لیکن وہ خود صرف 119 افراد کو فالو کرتی ہیں۔
ایسے میں ٹموتھی کو فالو کرنا اُن کی زندگی کے ایک خاص تعلق کو اجاگر کرنے کے مترادف ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 29 سالہ ٹموتھی شالامی خود انسٹاگرام پر کسی کو فالو نہیں کرتے۔
یہ جوڑا سب سے پہلے 2023 کے اوائل میں اُس وقت خبروں کی زینت بنا جب وہ پیرس میں مشہور فیشن برانڈ “ژاں پال گوٹیے” کے شو میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
اُس کے بعد سے وہ اپنے تعلق کو میڈیا اور عوام کی نظروں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے، مگر وقفے وقفے سے مختلف تقاریب میں ایک ساتھ نمودار ہوتے رہے۔
ستمبر 2023 میں بیونسے کے کنسرٹ میں دونوں کی پہلی مشترکہ عوامی شرکت ہوئی، جس کے بعد وہ یو ایس اوپن، گولڈن گلوب ایوارڈز اور نیویارک نِکس کے باسکٹ بال میچز میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیے۔
مئی 2025 میں، دونوں نے روم میں ہونے والے 70ویں “ڈیوڈ دی ڈوناٹیلو ایوارڈز” کی ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ شرکت کی، جسے ان کا پہلا باضابطہ ریڈ کارپٹ ڈیبیو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ ایک سال کے دوران کائلی اور ٹموتھی کے درمیان قربت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ کائلی، جو اس سے قبل ریپر ٹریوس اسکاٹ کے ساتھ بار بار بنتے اور ٹوٹتے تعلق میں رہ چکی ہیں، اب ایک پُرسکون اور متوازن رشتے سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
ایک قریبی ذریعے نے بتایاکہ “کائلی اس رشتے میں خود کو پُرسکون اور خوش محسوس کرتی ہیں، یہ توانائی ان کے پچھلے تجربات سے مختلف ہے۔”
اگست 2023 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرتی رہیں، مگر ان افواہوں کے برعکس، ان کے تعلقات آج بھی قائم و دائم ہیں، اور کائلی کا انسٹاگرام پر ٹموتھی کو فالو کرنا اسی وابستگی کا مظہر ہے۔