نئے ڈرامہ سیریل صنفِ آہن سے کبریٰ خان اور سجل علی کی نئی تصویر جاری کردی گئی جسے فوجی کیڈٹس کے روپ میں دونوں آرٹسٹس کی پہلی جھلک کہا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری کے بڑے ستاروں سے سجی کاسٹ کے ساتھ ڈرامہ سیریل آہن مداحوں کی تفریح کا سامان مہیا کرنے کیلئے جلد ریلیز کیا جائے گا جو پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی پیشکش ہے۔
پاک فوج کی وردی میں ملبوس سجل علی اور کبریٰ خان کو فوجی جوانوں کے جذبۂ حب الوطنی کو سلام پیش کرنے کیلئے بنائے گئے ٹی وی سیریل میں جلد دیکھا جاسکے گا جبکہ کبریٰ اور سجل کو فوجی وردی میں سوشل میڈیا صارفین نے بے حد پسند کیا۔
ڈرامہ سیریل صنفِ آہن میں سجل علی اور کبریٰ خان کے علاوہ یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف اور رمشا خان سمیت دیگر فنکار شامل ہیں جن کی تفصیلات آنا باقی ہیں۔ ڈرامے میں مہمان فنکاروں اور خصوصی فنکاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
شہزاد نصیب اور ثنا شاہنواز کی زیرِ ملکیت نیکسٹ لیول انٹرٹینمنٹ بھی ڈرامہ سیریل صنفِ آہن کی شریک پروڈیوسر ہے۔ ہدایات ندیم بیگ جبکہ اسکرپٹ رائٹنگ کے فرائض عمیرہ احمد نے سرانجام دئیے ہیں جبکہ صنفِ آہن اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے اپنے دیرینہ دوست سیم اصغری سے منگنی کر لی