اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار مرزا گوہر رشید کی شادی کی تقریبات کا ڈھولکی نائٹ کے ساتھ باضابطہ آغاز ہوگیا۔
اس محفل کے ذریعے جوڑے نے اپنے اس بڑے دن کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کا وہ بڑے عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ “سنگ مرمر” اور “نور جہاں” جیسے بلاک بسٹر ڈراموں میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور کبریٰ خان نے اپنی صلاحیتوں اور خوبصورتی سے ہمیشہ ناظرین کو مسحور کیے رکھا ہے۔
ڈھولکی نائٹ کی اس تقریب کے ساتھ ہی جوڑے کی شادی کے متعلق 2024 کے آخر سے جاری قیاس آرائیاں کو بھی اب بریک لگ جائے گی۔
کبریٰ خان کے ہونے والے شوہر “راز الفت” میں اپنے کردار کے لیے مشہور مرزا گوہر رشید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر رنگین ڈھولکی نائٹ کی تصاویر شیئر کیں۔
انہوں نے تصاویر کے ساتھ لکھا: “ماشاء اللہ… بہت زیادہ پیار۔” ساتھ ہی انہوں نے تقریب کی رونق بڑھانے پر مومل اور نادر نواز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دلکش تصاویر میں کبریٰ اور گوہر کو روایتی لیکن خوبصورت لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔ کبریٰ اور گوہر کی شادی تقریبات کے آغاز کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہوگئیں اور ساتھ ہی مبارکبادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔