صنعا: سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یمن پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے جن میں مبینہ طور پر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں حوثی باغیوں نے جدہ میں تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا جس پر سعودی عرب نے یمن کے شہروں حدیدہ اور صنعا پر فضائی حملے کیے۔ ترجمان اتحادی فورسز برگیڈئیر جنرل ترکی المالکی نے فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے۔
حوثی باغیوں کا جدہ پر میزائل حملہ، پیٹرول تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی عرب نے خطرناک مقامات کو نشانہ بنایا۔ اتحادی فوج نے گزشتہ روز دو ڈرونز کا تعاقب کرکے انہیں تباہ کیا جو حوثی باغیوں نے حدیدہ میں قائم تیل کی تنصیبات سے روانہ کیے تھے۔
فضائی حملوں کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں یمن کے شہروں کو آگ میں جلتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ یمنی دارالحکومت میں دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں رہائشی علاقے لرز اٹھے۔ حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ حملے میں خواتین اور بچے نشانہ بنے۔
حوثی باغیوں کے مطابق اتحادی فورسز نے ایندھن فراہمی کا اسٹیشن، بجلی گھر اور سرکاری انشورنس کے دفتر پر فضائی حملے کیے۔ گارڈز کی رہائش گاہوں پر حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوئے۔