اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان سے 1 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی سفیر نے تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے دورۂ سعودی عرب کے ثمرات سامنے آگئے۔ پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین 1 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے کیے جائیں گے۔
رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2 فیصد رہے گی، عالمی بینک
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ کے ذریعے مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تیل کے شعبے میں 1 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے متوقع ہیں۔
سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ 1947 میں پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے کے بعد سعودی عرب اسے تسلیم کرنے والے سب سے پہلے ممالک میں شامل تھا اور ہم نے پاکستان کی امداد بھی کی۔
سفیرِ سعودی عرب نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب کے بانی سے لے کر خادمِ حرمین الشریفین شہزادہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان تک سعودی حکومت ہمیشہ سے پاکستان کا ساتھ دیتی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیتے ہوئے مالی و اقتصادی امداد مہیا کی۔ سعودی عرب پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری 10 ارب ڈالرز تک بڑھانے پر غور کر رہا ہے جبکہ اسٹیٹ بینک میں سعودی ڈیپازٹ کو بھی بڑھانے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
نواف سعید المالکی نے کہا کہ ایسے اقدامات سے دونوں ممالک کے مابین مضبوط تزویراتی شراکت داری کی عکاسی ہوتی ہے۔