پشاور: ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبر پختونخوا کابینہ نے اہم اقدام کرتے ہوئے اسکول بیگز کے وزن سے متعلق مجوزہ قانون کا ڈرافٹ منظور کرلیا ہے۔
مجوزہ قانون میں نرسری کے بچوں کے اسکول بیگز کا وزن ڈیڑھ کلوگرام رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پہلی کلاس کے اسکول بیگز کا وزن 2 اعشاریہ 4 کلوگرام رکھنے کی تجویز دی ہے۔
مجوزہ قانون کے ڈرافٹ میں دوسری سے پانچویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن اڑھائی سے 5 اعشاریہ 3 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسکول بیگز کا وزن 5 اعشاریہ 4 سے ساڑھے 6 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن 7 کلوگرام رکھنے کی تجویز ہے۔مجوزہ قانونی ڈرافٹ کے مطابق اسکول بیگز ایکٹ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہوگا۔ قانون کی خلاف ورزی پر ذمہ دار سرکاری حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کی تجویز ہے۔