لندن میں چاقو بردار شخص کا حملہ، دو پولیس افسران شدید زخمی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

برطانیہ کے شہر لندن میں چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے 2 پولیس افسران کو شدید زخمی کر دیا جس کے بعد مشتبہ شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق لندن کے مئیر صادق خان نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں پولیس افسران کی حالت خطرے سے باہر ہے، انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ہونٹوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ پر پارری گرل کو تنقید کا سامنا

لندن میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق یہ واقعہ 16 ستمبر پیش آیا، پولیس نے کہا ہے کہ ’ان پولیس اہلکاروں کو مقامی وقت کت مطابق صبح 6 بجے مصروف ترین سیاحتی مقام لیسٹر سکوائر میں حملے کا نشانہ بنایا گیا، اس شخص نے 2 پولیس افسران پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا جس کے بعد ان افسران کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو بھی علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مشتبہ شخص کو ایک ایمرجنسی ورکر کو جسمانی نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے کی دہشت گردی کے واقعے کے طور پر تحقیقات نہیں ہو رہیں، پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے دونوں پولیس افسران پر چاقو سے حملہ کیا، زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے وقوع کے اطراف پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ان حالات کی چھان بین کر رہے ہیں جن میں واقعہ پیش آیا۔

لیسٹر اسکوائر کا علاقہ برطانوی پارلیمنٹ سے ایک میل سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے، جہاں آنجہانی ملکہ الزبتھ کی سرکاری تدفین ہو گی۔

چاقو سے حملے کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب لندن میں لوگوں کی بڑی تعداد آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کے لیے جمع ہے۔

تقریباً 6 دہائی کے عرصے کے بعد برطانیہ میں منعقد ہونے والی سرکاری سطح پر ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات کی تقریب ہوگی ، تقریب امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دنیا بھر کے رہنما اور شاہی شخصیات شرکت کریں گے۔

ملک بھر سے ہزاروں پولیس افسران کی نفری لندن میں تعینات کی گئی ہے، جبکہ تقریب کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے لیے فوج کے 1500 اہلکار بھی تیار ہیں، ہزاروں لوگ آنجہانی ملکہ کے تابوت کے پاس قطار بنا کر کھڑے ہیں۔

ملکہ الزبتھ کا تابوت اس وقت پارلیمنٹ کے ویسٹ منسٹر ہال میں رکھا گیا ہے۔

لندن کے مئیر صادق خان نے پولیس افسران پر حملہ ‘خوفناک’ قرار دیا ہے۔

مئیر صادق خان کا کہنا تھا کہ ‘بہادر پولیس افسران اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے، ہم پولیس افسران کے شکر گزار ہیں کہ وہ اس اہم وقت میں عوام کی مدد کررہے تھے’۔

صادق خان نے کہا کہ وہ اس واقعہ کے حوالے سے میٹروپولیٹن کے نئے کمشنر مارک رؤلی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

Related Posts