کراچی :کے ایم سی کے عملے نے کراچی میں مختلف چورنگیوں پرلگائے گئے سائن بورڈز کے خلاف مہم شروع کردی، کے ایم سی انسداد تجاوزات محکمہ نے وسطی ، جنوبی اور کورنگی اضلاع میں متعدد سائن بورڈز کو مسمار کردیا۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کے ایم سی کے عہدیداروں نے ہائپر اسٹار ، دوتلواراور تین تلوارسے اشتہارات ہٹا دیئے۔ وسطی ضلع میں فائیو اسٹار چورنگی، ناظم آباد ، واٹرپمپ اور بقائی چورنگی پرسائن بورڈ کو اکھاڑ دیا۔
کورنگی میں کے ایم سی کے عملے نے شان ، بروکس اور انڈس چورنگی سے اشتہارات ہٹا دیئے۔
سینئر کے ایم سی ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے بتایا کہ یہ کارروائی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر افتخار شالوانی کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد تجاوزات ٹیمیں کراچی کے تمام اضلاع سے اشتہاری بورڈ ہٹائیں گی۔
کمشنر افتخار شالوانی نے کچھ دن قبل شہر کی ظاہری شکل کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔ احکامات کے بعد کے ایم سی کی طرف سے مشتہرین کو دی جانے والی تمام الاٹمنٹ منسوخ کردی گئیں۔