مکہ مکرمہ میں فریضۂ حج کی ادائیگی سے قبل احتیاطی تدبیر کے طور پر خانہ کعبہ کا غلاف 3 میٹر تک اوپر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال حج سے قبل غلاف کے حصے کو اوپر کیا جاتا ہے۔ رواں برس بھی حرمین شریفین کی انتظامیہ نے خانہ کعبہ کے غلاف کو 3 میٹر تک اوپر کیا ہے، جس کیلئے احکامات خادمِ حرمین شریفین کی جانب سے جاری کیے گئے۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے خانہ کعبہ کے چاروں طرف سفید کپڑا لگا دیا جس کیلئے کسوہ فیکٹری کے 50 سے زائد ماہرین نے فرائض سرانجام دئیے۔ غلاف کو 3 میٹر اوپر کرنے کا مقصد غلافِ کعبہ (کِسوہ) کی حفاظت اور صفائی یقینی بنانا ہے۔
ہر سال مسلسل تنبیہ اور خبردار کرنے کے باوجود حجاج کرام کی بڑی تعداد مطاف میں غلافِ کعبہ کو چھونے کی کوشش کرتی ہے جس سے بچانے کیلئے خادمِ حرمین شریفین کے احکامات کے مطابق غلافِ کعبہ کو اوپر کردیا جاتا ہے۔
رواں برس حجاج کرام کی صحت و سلامتی کیلئے بیت اللہ کے اطراف رکاوٹیں بھی کھڑی کردی گئی ہیں۔ مطاف میں زائرین کو رکاوٹوں کے قریب آنے سے روکا جائے گا جس کا مقصد سعودی عرب میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
مطاف میں موجود زائرین خانہ کعبہ اور حجر اسود کو چھونے اور بوسہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہر سال غلافِ کعبہ کو زمین سے اونچا کرنے کے بعد موڑے گئے حصے کو 2 میٹر عرض والے سفید کاٹن کے کپڑے سے ڈھانپا جاتا ہے۔
حجاج کرام جب تمام تر مناسکِ حج ادا کرکے اپنے اپنے وطن لوٹ جاتے ہیں اور حج کا سیزن ختم ہوجاتا ہے تو غلافِ کعبہ کو سابقہ حالت پر واپس لانے کیلئے دوبارہ کھول دیا جاتا ہے۔ غلاف اونچا کرنے کے کام کیلئے ہر سال 50 ماہرین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی کا کہنا تھا کہ 27 مئی کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر نظر آیا جسے دیکھ کر دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد قبلے کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں 2 ماہ قبل کہا گیا کہ سورج رواں سال میں پہلی مرتبہ خانہ کعبہ کے اوپر آگیا۔فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق سورج جمعرات کے روز سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر دیکھا گیا۔
مزید پڑھیں: رواں سال میں پہلی بار سورج خانہ کعبہ کے اوپر دیکھا گیا