مشہور کار ساز کمپنی کیا نے پاکستان میں اپنی چھوٹی گاڑی “پکانٹو آٹومیٹک” کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے جو یکم مئی 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گاڑی کی سابقہ ایکس فیکٹری قیمت 38 لاکھ 50 ہزار روپے تھی جو اب بڑھ کر 39 لاکھ 40 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ یعنی صارفین کو اب 90 ہزار روپے اضافی ادا کرنے ہوں گے۔
یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کیا نے حال ہی میں اپنی بڑی گاڑی “اسپورٹیج ایل” کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا، جسے حریف کمپنی ہیونڈائی کی “ٹو سان” کی مارکیٹ میں آمد کے جواب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ وہ صارفین جنہوں نے اپنی مکمل ادائیگی 30 اپریل 2025 تک کر دی تھی اور ان کے آرڈر اس تاریخ تک مکمل ہو چکے ہیں، ان سے پرانی قیمت یعنی 38 لاکھ 50 ہزار روپے ہی وصول کی جائے گی۔
یکم مئی 2025 یا اس کے بعد بکنگ کروانے والے خریداروں کو نئی قیمت 39 لاکھ 40 ہزار روپے ادا کرنی ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ قیمت صرف ایکس فیکٹری قیمت ہے، اس میں گاڑی کی ترسیل (فریٹ) یا انشورنس کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ اگر گاڑی کی ڈیلیوری کے وقت حکومت کی طرف سے کوئی اضافی ٹیکس یا ڈیوٹی لاگو ہوتی ہے تو اس کی ادائیگی کی ذمہ داری بھی خریدار پر ہوگی۔
کیا کی جانب سے اس قیمت میں اضافہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں جاری مسابقت اور بدلتی معاشی صورتحال کا ایک حصہ سمجھا جا رہا ہے۔