اسلام آباد: وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکمراں سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) عدل کا نیا نظام لائے گی جس کے خاکے کا اعلان پارٹی کے تاحیات قائد و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نظامِ عدل بدلا جائے گا۔ پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنی ہوگی۔ اگر مسلم لیگ (ن) کو موقع ملا تو نیا نظامِ عدل لے کر آئے گی۔
حکومت نے توشہ خانہ تحائف کا ریکارڈ پبلک کردیا
ٹوئٹر پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نئے نظامِ عدل کے خاکے کا اعلان وطن واپسی کے بعد میاں نواز شریف کریں گے۔ ہم ججز کی تقرری کا نظام بدل دیں گے جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سیاسی سمجھ بوجھ سے محروم ہیں۔
پیغام میں وزیرِ ریلوے نے عمران خان کو نشانے پر رکھ لیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے ہر ادارہ تباہ کرکے خود کو نجات دہندہ کہا۔ کیا نجات دہندہ ایسا ہوتا ہے جو لاشوں پر سیاست کرے اور اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کیا نجات دہندہ اس طرح کا ہوتا ہے جو بہتان تراشی پر سیاست کرے؟جو سازش کرے اور فوج کو آوازیں دے کہ آؤ اپنے جوتے آگے کرو، میں نے پالش کرنے ہیں؟ مجھے دوبارہ گود میں اٹھا لو۔ تمہیں کسی نے گود میں نہیں اٹھانا۔