اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں، شواہد ہیں کہ افغان سرزمین ہمارے ہاں امن تباہ و برباد کرنے کیلئے استعمال ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان سے رابطہ کرکے دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے کا کہیں گے۔ دہشت گرد پشاور میں خود کش دھماکے کے دوران پہلی صف میں کھڑا تھا۔
عوام کو نکلنا ہوگا، ورنہ مسائل حل نہیں ہونگے، حافظ نعیم
پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں نے پولیس کو ہدف بنا رکھا ہے۔ ہمارا ایک صوبہ اس وقت کسی حد تک حالتِ جنگ میں ہے۔ کے پی کے میں امن بحال کریں گے۔ شہریوں کا دہشت گردی کے خلاف باہر نکلنا خوش آئند ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ دوحہ معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہو۔ شواہد ہیں کہ ہمارے ہمسایہ ملک کی سرمین پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کیلئے استعمال ہوئی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ پشاور دھماکے میں عوام شہید بھی ہوئے اور زخمی بھی۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کی چھت گر گئی۔ یہ کون لوگ ہیں؟ دہشت گردوں کا دین سے تعلق نہیں ہوسکتا۔