اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اگر اتفاقِ رائے نہ بھی ہوا تو نمبر پورے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے پیدا ہوجائے تو زیادہ اچھی بات ہے، آئینی ترمیم کیلئے نمبر پورے ہیں لیکن ہم سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گفتگو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے پیدا ہوجائے تو مستقبل میں اس کی افادیت زیادہ ہوگی۔ قومی اسمبلی و سینیٹ اجلاس کے وقت کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اجلاسوں کے اوقات میں تبدیلی بھی اتفاقِ رائے کیلئے ہے۔
قبل ازیں سینیٹر عرفان صدیقی کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ تیار ہے، وفاقی کابینہ کو مسودہ منظور کرنا ہوگا۔ کل کابینہ کا اجلاس تھوڑی دیر کیلئے منعقد ہوا، کابینہ سے منظوری مل جائے تو سینیٹ میں آجائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آئینی ترمیم کے متعلق وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت گزشتہ روز کی جو آئینی ترمیم کے متعلق کسی فیصلے پر پہنچنے سے قبل اختتام پذیر ہوگیا اور آج صبح تک کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا، اجلاس اب تک دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔