اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر پرمعافی نہ مانگنے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانے کو کاروبار بنا لیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میں قومی اسمبلی میں اپنی تقریر پر کسی سے معافی نہیں مانگوں گا، تحریکِ انصاف کے لوگ اتنے گھناؤنے جرائم کے بعد بھی معافی نہیں مانگ رہے۔
گفتگو کے دوران وزیر دفاع نے کہا کہ توشہ خانے سے چیزیں اور لوگوں نے بھی لی ہیں لیکن عمران خان واحد آدمی ہے جس نے اسے کاروبار بنایا اور پھر کروڑوں روپے بھی کمائے۔ میں نے زکوٰۃ کی رقم سے سرمایہ کاری کا الزام عائد کردیا تو مجھ پر کیس کردیا۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے زکوٰۃ کی رقم والے معاملے پر مجھ پر ہتکِ عزت کا دعویٰ کیا ہے اور اب خود عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا وکیل بھی سماعت کیلئے عدالت نہیں آتا، میں پیشی کیلئے حاضر ہوتا رہتا ہوں۔
آزاد جموں و کشمیر میں احتجاج کے تناظر میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا اور آزاد کشمیر پر بھارت کا بھی اثر ہے، آزاد کشمیر کے کچھ عناصر کی خواہش تھی کہ مظاہرین اور حکومت کے مابین راضی نامہ نہ ہوسکے۔