اسلام آباد: سابق وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کا ڈرافٹ تیار ہوچکا، الیکشن کمیشن آف پاکستان 3 ماہ میں بھی انتخابات منعقد کروا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران سابق وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ آئینِ پاکستان پر غالب قیاس رکھنا ہوگا جس کے تحت اسمبلی تحلیل ہوجانے کے بعد 3 ماہ میں الیکشن کرانا ہوں گے۔
شہباز شریف اپوزیشن لیڈر سے ملاقات آج کرینگے
سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ ہم ایسے غیر جانبدار اور معتبر انسان کی تلاش میں ہیں جو معاشی بحالی میں تعطل نہ آنے دے۔ جسٹس (ر) ناصر الملک جیسے لوگ بھی 2018 میں الیکشن چوری نہ روک سکے۔
خیال رہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کیے جس کے نتیجے مین وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے تاہم نگراں وزیر اعظم کی تقرری تک شہباز شریف کام جاری رکھیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی عہدے پر برقرار رہیں گے تاہم اراکینِ اسمبلی اور سیکریٹریز عہدوں سے فارغ ہوگئے۔ صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں اسمبلی 2 روز میں از خود تحلیل ہوجاتی ہے۔صدرِ مملکت نے قومی اسمبلی آئین کی دفعہ 58(1) کے تحت تحلیل کی۔