کراچی: کیماڑی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا بین الصوبائی اسمگلر گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے منشیات کے بین الصوبائی اسمگلر کے قبضے سے 27 کلو گرام چرس اور 2 کلو افیوم برآمد کی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے چمن سے آتے ہوئے ٹرالر کے خفیہ خانوں میں منشیات چھپائیں۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم جمعہ گل مولا داد 22 ویلر ٹرالر کے خفیہ خانوں میں منشیات چھپا کر کراچی لا رہا تھا۔ ایس ایچ او شیر شاہ شاہد محمود چوہدری کی سربراہی میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم کو گل بائی اسکول، ماڑی پور روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ ملزم سے منشیات اور دیگر ساتھیوں کے متعلق پوچھ گچھ میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کیماڑی پولیس نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک منشیات فروش کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں آئس منشیات برآمد کرلی گئیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے 3 روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے موچکو کی حدود میں اہم کارروائی کی گئی، جس میں ڈرگ ڈیلر کو 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ضلع کیماڑی پولیس کی بڑی کاروائی، ڈرگ ڈیلر 4 ساتھیوں سمیت گرفتار