کراچی: سمندری طوفان بیپر جوائے کے خطرے کے پیشِ نظر کے الیکٹرک نے شہرِ قائد کے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں ترجمان کے الیکٹرک عمران رانا کی طرف سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں شہری حفاظتی تدابیر کو اختیار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
کے الیکٹرک نے سائیکلون بپارجوئی #CycloneBiparjoy کے پیش نظر اپنے اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا ہے-
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کے الیکٹرک نے ایمرجنسی سیل بھی قائم کیا ہے-
کے الیکٹرک انتظامیہ پی ڈی ایم اے’ متعلقہ حکومتی اداروں اور شہری انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے-
(1/4) pic.twitter.com/Cqbr5YScAr— Imran Rana, Spokesperson, K-Electric (@imranrana21) June 13, 2023
عمران رانا نے کہا کہ سائیکلون کے اثرات کے تحت آج کراچی میں ہلکے اور درمیانے درجے کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس صورتحال میں کے الیکٹرک کا بجلی فراہمی کا نظام بھی مستحکم رہا ہے۔ ترجمان کےالیکٹرک متوقع ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بدستور ہائی الرٹ پر ہے۔
کے الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بتایا کہ شہری طوفان کی تیاری کیلئے فونز اور آلات چارج رکھیں۔ اپنی گاڑیوں اور جنریٹرز میں فیول بھر کر رکھیں، دواؤں، پینے کا پانی اور خشک اشیاء کا انتظام رکھیں۔ بجلی کے آلات کو زمین سے اوپر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان یا مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی کا فیصلہ آج ہوگا
طوفان آنے کی صورت میں گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بجلی کے گیلے آلات کو ہاتھ لگانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ طوفان کی وجہ سے گرنے والے کھمبوں اور تاروں سے بھی دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے طوفان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ کے الیکٹرک کے مطابق سوئچ آن کرنے سے پہلے کھڑے پانی کو نکالنے اور مین ہول کے ڈھکن بند رکھنے کا کہا گیا ہے۔