اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلۂ کشمیر عرصۂ دراز سے عالمی ادارے کے ایجنڈے پر موجود ہے جبکہ خود ارادیت کے بنیادی حق کے لیے کشمیریوں کی امیدیں اقوامِ متحدہ سے وابستہ ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران افغان امن عمل، مہاجرین اور مسئلۂ کشمیر کے معاملات زیرِ غور آئے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں تاریخِ انسانی کے بد ترین کرفیو کے دوران غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی جارحیت اور جنگ بندی کی شدید خلاف ورزیاں عالمی قوانین کے خلاف ہیں۔ بھارت کسی جعلی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
افغان امن عمل کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں امن کے لیے مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ قیامِ امن کے لیے فوجی حل کی ہمیشہ مخالفت کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ بھارت میں شہریت کا متنازعہ قانون پاکستان کے لیے پناہ گزینوں کے بڑے مسائل پیدا کرنے کا سبب بنے گا۔
عالمی افغان پناہ گزین کانفرنس سے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی سیاسی مقاصد کے لیے اپنے ہی ملک کے عوام کو تقسیم کرنے میں ملوث ہے۔
مزید پڑھیں: شہریت کا قانون پناہ گزینوں کے مسائل پیدا کرے گا۔عمران خان