سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مجاہد کمانڈر ریاض نائیکو اور دیگر نوجوانوں کی شہادت پر لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لئے آج مسلسل 5 ویں روز بھی وادی کشمیر میں سخت پابندیاں عائد ہیں اور کرفیو کا سماں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کے لئے عوام سے اپیل کی ہے۔
ساری صورتحال کے باعث حریت کانفرنس نے اپنے احتجاجی پروگرام میں لوگوں سے کہا ہے کہ وہ آج نماز عشاء کے بعد اپنے گھروں کی چھتوں پر اذانیں دیں تاکہ بھارتی تسلط اور کوروناوائرس سے نجات کے لئے اللہ تعالیٰ سے مددطلب کی جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے ریاض نائیکو اور اس کے ساتھی عادل احمد کو ضلع پلوامہ کے علاقے بیگ پورہ اونتی پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہیدکردیاتھاجس کے بعدقابض حکام نے وادی کشمیر میں بدھ کے روز سخت پابندیاں عائد کردی تھیں اور لوگوں کو گھروں سے نکلنے کے لئے منع کردیا تھا۔
لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لئے وادی بھر میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ضلع پلوامہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز جبکہ پوری وادی میں ایس ایم ایس اور موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے پیر کے روز شہدا ء کے گھروں میں خصوصی دعا ئیہ مجالس کا اہتمام کرنے کے لیے بھی کہاہے اور سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کوان اجتماعات میں اپنی شرکت یقینی بنانے پر زوردیا ہے۔ مگر صورتحال کے پیش یہ سب کچھ ہوا نظر نہیں آر ہا۔