کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے سبب کراچی کے موسم میں اچانک تبدیل آ گئی ہے، بادل چھا گئے ہیں اور تیز ہوائیں چلنے لگیں ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کچھ دیر بعد آندھی چلنے کا امکان ہے جبکہ شہر کے شمالی علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے ساتھ ہی شہر قائد کا موسم اچانک تبدہل ہوا ہے۔ اس وقت شہر میں 39 تا 49 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مئی میں بارشوں کے دو سلسلے آئیں گے جبکہ مئی کے مہینے کے دوران وسطی پنجاب میں معمول کے مطابق یا زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل محکمہ موسمیات نے مئی کے مہینے کے دوران ملک بھر میں معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مئی میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی ایک یا دو لہریں آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسکول کے قریب 3 دھماکے، 25 افراد جاں بحق