غریب رکشہ ڈرائیور نے اپنے رکشے کومستحق مریضوں کے لئے وقف کردیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

غریب رکشہ ڈرائیور نے اپنے رکشے کومستحق مریضوں کے لئے وقف کردیا
غریب رکشہ ڈرائیور نے اپنے رکشے کومستحق مریضوں کے لئے وقف کردیا

کراچی: پاکستان کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ خیرات دینے والے ممالک میں ہوتا ہے اور شہر قائد اس میں سر فہرست ہے،کراچی میں بہت بڑی تعداد میں لوگ مختلف این جی اوز کو خطیر رقم خیرات میں دیتے ہیں اور اس کے علاوہ انفرادی طور پر بھی لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔

مگر آج ہم آپ کو ایک ایسے رکشہ ڈرائیور کا تعارف کروائیں گے جو اللہ کی رضا کی خاطر غریب اور مستحق مریضوں کو مفت اسپتال پہنچاتا ہے اور اس کا معاوضہ بھی نہیں لیتا۔

ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے ندیم حسین (رکشہ ڈرائیور) کا کہنا تھا کہ گرمیوں کے دنوں میں میرے ساتھ ایسا ہوا کہ دو ضعیف میاں بیوی سخت دھوپ میں کھڑے ہوئے تھے اور اُن کے پاس کرائے کے پیسے نہیں تھے، میں نے اُن دونوں کو ان کی منزل تک پہنچایا اور ٹھنڈا پانی بھی پلایا، یہ سب میں نے اللہ کی رضا کی خاطر کیا، اس کے بعد مجھے احساس ہوا کہ ہرحال میں مجھے اب دوسروں کی مدد کرنی ہے۔

ندیم حسین نے کہا کہ ایک بار میں نے سواری بٹھائی ہی تھی کہ مجھے ایمرجنسی کال آگئی کہ اسپتال جانا ہے، میں نے اپنی سواری سے معذرت کرکے مریض کو اسپتال پہنچایا اور اپنے پاس سے دوا بھی دلوائی۔ ندیم کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ جب آپ سے کوئی کام لیتا ہے تو آپ کی جیب بھی اچھی ہوجاتی ہے۔ مجھے یہ نیک کام کرنے کا صلہ اللہ تعالیٰ سواریوں کی صورت میں دیتا ہے، مجھے اچھی سواریاں مل جاتی ہیں۔

ندیم حسین (رکشہ ڈرائیور) کا مزید کہنا تھا کہ میرے چار بچے ہیں اور میں کرائے کے گھر میں رہتا ہوں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے اور سب اچھا چل رہا ہے۔ ندیم نے کہا کہ مجھے کسی سے کوئی لالچ نہیں ہے، تین وقت کی روٹی کھا رہا ہوں میرے لئے کافی ہے۔

ندیم حسین نے کہا کہ کراچی کی سڑکیں بہت خراب ہیں اور میرا رکشہ پرانا ہے جس کے باعث پریشانی ہوتی ہے، اگر حکومت مجھے قرضے کے طور پر کچھ رقم دے دے تو میں نیا رکشہ لے کر اپنا کام مزید بہتر انداز میں کرسکتا ہوں۔

آخر میں ندیم حسین کہنا تھا کہ اللہ کی خوشنودی کے لئے آپ کسی لئے خلوص دل سے کوئی کام کریں تو اس میں اللہ کی مدد شامل ہوجاتی ہے، ندیم حسین نے کہا کہ اور لوگوں کو بھی چاہئے وہ دوسروں کی خدمت کا جذبہ لے کر اس طرح کے کام شروع کریں۔ اللہ تعالیٰ ضرور ان کی مدد فرمائے گا۔

Related Posts