کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما خرم شیر زمان نے کراچی کے عوامی پارکس کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کے معاملے پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے میئر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے زیر انتظام عوامی پارکس کو نجی کمپنیوں کے سپرد کر رہے ہیں جو کہ عوام کے حقوق پر ایک کھلا حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے واحد تفریح کے مراکز پارکس بھی ان سے چھینے جا رہے ہیں۔
صارم کیس: کراچی پولیس نے دو افراد کو کلیئرنس کے بعد چھوڑ دیا
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ نجی کمپنیاں پارکس میں مختلف سہولیات کے عوض عوام سے پیسے وصول کریں گی جبکہ پبلک پارکس بزرگوں کیلئے واک کرنے اور بچوں کیلئے کھیلنے کی جگہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیوں کا مقصد عوام سے پیسہ کمانا ہے اور یہ عمل ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ عمر شریف پارک بھی کے ایم سی نے نجی کمپنی کے حوالے کر دیا ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور ہر فورم پر اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
انہوں نے میئر کراچی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس قسم کے اقدامات واپس لیں اور عوامی مفاد کو ترجیح دیں۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔