کھیل محض تفریح اور وقت گزاری کا ذریعہ نہیں ہیں، بلکہ صحت و تندرستی کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔
کھیلوں کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی صحت کو تندرست رکھا جاسکتا ہے بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھ کر ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی نکھارا جا سکتا ہے۔
کوکن سہارا کراچی کی معروف کوکن کمیونٹی کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے قائم ایک تنظیم ہے، جو اپنی کمیونٹی کیلئے اجتماعی سطح پر مختلف شعبوں میں بہت ہی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔
آج کل کوکن سہارا کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں کوکن کمیونٹی کے نوجوانوں کیلئے ویک اینڈ بیس پر کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ کمیونٹی کے نوجوان اپنا وقت مفید اور مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں اور اسپورٹس کے ذریعے فٹ اور فعال رہیں۔
کوکن سہارا کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ تنظیم کوکن کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے 2020 میں کورونا کی وبا کے دوران قائم کی گئی تھی، اس کا مقصد اس وقت کمیونٹی میں کورونا وبا کے دوران صحت سے لیکر سماج تک کے مختلف مسائل و مشکلات میں برادری کے ضرورت مند افراد کی خدمت بجا لانا تھا۔
کوکن سہارا کے رہنماؤں نے بتایا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے نوجوانوں کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد کمیونٹی کے نوجوانوں کے اندر مثبت مقابلہ بازی کے رجحان کو فروغ دینا اور انہیں فٹ و فعال رہنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
اس ٹورنامنٹ کی خوبی یہ ہے کہ اسے کوکن سہارا کوکن برادری کے ینگسٹرز کی مدد سے ہی آرگنائز کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل میں لیڈرشپ کوالٹی پیدا ہو۔ ٹورنامنٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں میں آباد کوکن برادری کی 16 ٹیمیں شریک ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ ویک اینڈ بیس پر منعقد ہورہا ہے، یعنی ہر ویک اینڈ کو جب سب لوگ کام کاج اور تعلیم سے چھٹی پر ہوتے ہیں، کمیونٹی کے نوجوانوں کی ٹیموں کے درمیان میچز ہوتے ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ چار سال سے مسلسل منعقد ہورہا ہے، ٹورنامنٹ کے آرگنائزر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے ایسے نوجوان سامنے آئیں جن کی صلاحیتوں کو مزید نکھار کر قومی سطح پر متعارف کرایا جائے۔
کوکن سہارا کے اس اقدام کو ٹورنامنٹ میں شریک نوجوانوں نے سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ایکٹویٹی کا انعقاد کرنا نوجوانوں کیلئے غنیمت ہے۔ اس طرح کی ایکٹویٹیز ہر جگہ ہونی چاہئیں۔