کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کے روز موسلا دھار بارش،آئندہ تین روز میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے اتوار کو کراچی میں بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں مون سون کا اسپیل 27 جولائی تک رہے گا۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش قائد آباد (4.5 ملی میٹر)، صدر میں 4 ملی میٹر، کورنگی (3 ملی میٹر)، گلشن حدید (3 ملی میٹر)، پی اے ایف مسرور بیس (2.4 ملی میٹر)، اورنگی ٹاؤن میں ہوئی۔
اس کے علاوہ (2 ملی میٹر)، یونیورسٹی روڈ (1.5 ملی میٹر)، پی اے ایف فیصل بیس (1.5 ملی میٹر)، کیماڑی (1.4 ملی میٹر)، جناح ٹرمینل (0.8 ملی میٹر)، ڈی ایچ اے فیز 2 (0.6 ملی میٹر)، نارتھ کراچی (0.6 ملی میٹر) اور پرانا ایئرپورٹ ایریا (0.6 ملی میٹر) بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں مسلسل بارش سے حب ڈیم پر دباؤ بڑھ سکتا ہے جو پہلے ہی اپنی گنجائش سے بھر چکا ہے۔
قبل ازیں، میٹ آفس نے کہا کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر تیز آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش اور بہت زیادہ موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔
کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں صبح سویرے سے ”مسلسل بارش” ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”تاہم، اب تک صورتحال قابو میں ہے۔ تمام اہم سڑکیں اور انڈر پاسز ٹریفک کے لیے صاف ہیں۔ سڑکوں کے کناروں پر جمع پانی کو صاف کیا جائے گا،“
اس کے علاوہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جاوید اوڈھو نے تمام فیلڈ کمانڈروں کو بارش کے دوران اپنے علاقوں میں رہنے کی ہدایت کی۔
کراچی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا کہ آپریشنز اور محکمہ ٹریفک میں تعینات افسران کو اپنے تفویض کردہ علاقوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اتوار کو مون سون کی بارشوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزرا سید ناصر شاہ، شرجیل انعام میمن اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے۔
مراد علی شاہ نے آئی آئی چندریگر روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور برساتی نالے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت بارش کے اس موسم میں لوگوں کو تکلیف نہیں ہونے دے گی اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:بلوچستان، بارشوں کے دوران حادثات میں 100افراد جاں بحق ہوئے۔پی ڈی ایم اے