کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ دھرنے والوں سے بات ہوگئی ہے، آج رات سے پہلے دھرنے ختم کر دیئے جائیں گے، اب تک ہم نرمی سے بات کر رہے ہیں، اب جو نہیں ہٹے گا، اسے قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب بات نہیں، شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کے بعد دھرنے پر سختی کریں گے، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، احتجاج کے نام پر شہر کا نظام مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، سڑکیں کلیئر کرانے کے لیے افسران کو ہدایات دے دی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے 3 دن بہت بھگت لیا ہے، اب ہم سختی کریں گے، دھرنے والوں کی مہربانی ہے کہ انہوں نے بڑی شاہراہیں کھول دی ہیں۔
گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے کمپریسر لگانے والے شہریوں کو سخت وارننگ
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے جرائم پیشہ افراد سے روزانہ کی بنیاد پر مقابلے ہوتے ہیں، شاہین فورس، مددگار 15 پولیس اور علاقہ پولیس کے تمام مقابلے اصل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلوں کے اکا دکا واقعات بھی سامنے آجاتے ہیں، تو ہم ایکشن لیتے ہیں، ہم مبینہ مقابلوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، 104 شہری شہید کیے گئے، تو 190 ڈاکو بھی مقابلوں میں مارے گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کراچی میں کسی صورت ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں دینگے، شہری سال نو کی خوشی ضرور منائیں لیکن دوسروں کو پریشانی میں نہ ڈالیں، نیو ائیر پر ہوائی فائرنگ کا نہیں اقدام قتل کا پرچہ دیں گے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہر میں جرائم کا فیگر بہت تنگ کرتا ہے، اس سال موبائل فون چھپنے میں 30 فیصد کمی آئی ہے، رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 104افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔