کراچی:کراچی میں شدید بارش اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں موبائل فون سروس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔موبائل فون انڈسٹری سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ متعدد علاقوں میں 24 گھنٹے سے زائد بجلی بند ہونے کی وجہ سے موبائل ٹاورز پر موجود جنریٹر میں ایندھن ختم ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بارش سے بعض ٹاورز اور سوئچ روم کو نقصان پہنچا ہے۔سیلاب کی وجہ سے زیر زمین فائنل آپٹک بھی خراب ہوئی ہے جس سے بھی موبائل سروسز متاثر ہوئی۔
موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے رابطے میں شدید مشکلات پیدا ہوئی جبکہ مختلف کاروباری شعبے جہاں انٹرنیٹ سروس لازمی ہے وہاں کاروباری امور ٹھپ ہوچکے ہیں۔
بعض علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس جزوی طور پر بحال تاہم اسپیڈ میں انتہائی سست رہی۔اس ضمن میں سیلولر کمپنی جاز کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں سیلابی صورتحال کے باعث متعدد مقامات پر نیٹ ورک انفراسٹرکچر زیرِ آب آچکا ہے۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث سروسز کی فراہمی میں عارضی خلل ہے۔انہوں نے صارفین کو ہونے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سروسز کی مکمل بحالی کے لیے ٹیکنیکل ٹیمز ایمرجنسی بنیاد پر کام کر رہی ہیں۔