کراچی : میئرکراچی وسیم اخترنے کے ایم سی عملے کو تنخواہ و پنشن اور فائربریگیڈ کو فائر رسک الاونس کی ادائیگی، ریٹائرڈ پنشنرزاور فیول اخراجات کی ادائیگی کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔
اپنے خط میں میئر کراچی نے کہا ہے کہ کے ایم سی کی گرانٹ ان ایڈ کو 165 ملین روپے ماہانہ تک بڑھایا جائے تاکہ کورونا ایمرجنسی کی صورت حال میں کے ایم سی عملے کی حوصلہ افزائی اور ڈاکٹرز، فائرمین اور ہیلتھ ورکرز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں اور مستحق پنشنرز کی مالی معاونت کی جا سکے۔
وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن کے باعث پوری دنیا سیاسی، سماجی مذہبی، معا شی طور پر شدید متاثر ہوئی ہے،دنیا کی بڑی معاشی طاقتیں زوال سے دوچار ہو گئیں اور پاکستان بشمول پورٹ سٹی کراچی میں بھی یہی صورت حال ہے۔
میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کے ایم سی میں ریونیو ریکوری شدید متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس کی آمدنی صفر ہو گئی ہے،اس حوالے سے وقتاً فوقتاً تنخواہوں، پنشن اور فائر رسک الاؤنس کی ادائیگی میں شارٹ فال اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں آگاہ کیا جاتا رہا ہے۔
میئرکراچی وسیم اختر نے لکھاکہ صورتحال یہ ہو گئی ہے کہ پیٹرول پمپ نے کے ایم سی کو فیول کی فراہمی بند کر دی ہے،فائر رسک الاؤنس کی مد میں 48.78 ملین، ماہانہ پنشن شارٹ فال کی مد میں 50.06 ملین، فیول کی مد میں 56.20 ملین، ڈاکٹرز کی تنخواہوں، ہاؤس جاب ڈاکٹرز کے مشاہرہ کی مد میں 30.10 ملین کی ادائیگی کرنی ہے۔
رواں مالی سال حکومت سندھ نے تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا تاہم کے ایم سی کے ملازمین اور پنشنرز اس اضافے سے محروم ہیں۔
مزید پڑھیں: کے ڈی اے شدید مالی بحران سے دوچار، حکومت سے گرانٹ بڑھانے کی اپیل