میئر کراچی، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر بھر میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر عوامی مقامات پر قابض نشے کے عادی افراد کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق یہ ہدایت شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد شکایات کے بعد جاری کی گئی، جن میں چوری کی وارداتوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی نشان دہی کی گئی تھی۔ ان شکایات میں فلائی اوورز، پلوں، عوامی عمارات، یوٹیلیٹی پولز اور باڑوں کو نشانہ بنائے جانے کا ذکر بھی شامل تھا۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے ترجمان دانیال سیال کے مطابق، نشے کے عادی افراد معمولی ذاتی فائدے کے لیے قیمتی شہری ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ عوامی سلامتی اور اجتماعی املاک بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ میئر کراچی نے ہدایت دی ہے کہ عوامی مقامات پر موجود نشے کے عادی افراد کو پہلے سٹی وارڈنز ہیڈ کوارٹر منتقل کیا جائے اور بعد ازاں انہیں بحالی مراکز بھیجا جائے۔
دانیال سیال کے مطابق، ہر ضلع میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ یہ آپریشن محفوظ، انسانی ہمدردی کے تحت اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ایسے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد دوبارہ انہی مقامات پر واپس نہ آئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کے ایم سی نے نشے کے عادی افراد کی سماجی بحالی کے لیے بحالی مراکز قائم کرنے کی غرض سے پہلے ہی خاطر خواہ زمین مختص کر دی ہے، تاکہ اس مسئلے کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق، انتظامیہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے پرعزم ہے اور عوامی مقامات کو محفوظ بنانے، شہری املاک کی حفاظت اور متاثرہ افراد کی سماجی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔