کراچی: دوران ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے ڈکیت کو پولیس نے لوٹی ہوئی رقم سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ڈکیتی کی واردات گذشتہ ہفتے 4 مارچ کو کی تھی۔ جس میں ملزمان شہری سے 59 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے اور مزاحمت پر ملزمان نے گولی مار کر شہری سجاد کو زخمی بھی کیا تھا۔
واقعے کے فوری بعد ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے ڈی ایس پی کلاکوٹ اور ایس ایچ او چاکیواڑہ کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے مرزا آدم خان روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈکیت پیار علی ولد عبدالرحمان کو غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے 1 پستول 30 بور اور 4 گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ لوٹی گئی رقم میں سے 54 لاکھ 93 ہزار روپے بھی برآمد کرلیے ہیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی کا میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی ملزم راشد کے ساتھ مل کر مورخہ 2021-03-04 کو گلستان کالونی میں سجاد نامی شخص سے 59 لاکھ روپے چھینے تھے اور دوران واردات سجاد کو گولی مار کر زخمی بھی کر دیا تھا جس کی ایف آئی آر تھانہ چاکیواڑہ میں درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائمز عروج پر، ایک اور شہری نقد رقم اور موبائل فون سے محروم